پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض داخل کرنیوالے احمق ہیں ‘آل پاکستان مسلم لیگ

کراچی : آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال ‘ سیاسی جماعتوں میں مسلح ونگ کی موجودگی ‘ دہشت گردوں کی فعالیت اور ادارہ جاتی کرپشن اس بات کی متقاضی ہے کہ انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں کیونکہ انتخابات فوج کے نگرانی میں نہیں کرائے گئے۔

تو نہ یہ پر امن ہوں گے اور نہ منصفانہ و شفاف کہلائے جاسکیں گے جبکہ انتخابات پر سیاسی جماعتوں کا اعتراض یا ان کے نتائج کیخلاف احتجاج ملکی حالات کو مزید مخدوش بنانے کا باعث بنے گا یہی وجہ ہے کہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں پرویز مشرف فوج کی نگرانی میں انتخابات کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ طاہر حسین نے حلقہ NA-250 سے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض داخل کئے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اعتراض کرنے والی احمق اور آئین و قوانین سے ناواقف ہیں۔

کیونکہ پرویز مشرف پر کرپشن میں ملوث ملک و قوم دشمن روایتی سیاستدانوں اور ان کے آلہ کاروں کی جانب سے بنائے گئے جھوٹے و بے بنیاد کیسز ابھی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور ان پر کوئی جرم ثابت نہیںہوسکا ہے اس لئے پاکستانی آئین کی رو سے انہیں نا اہل قرار نہیں دیا جاسکتا جبکہ مشرف کا تمام سابقہ ریکارڈ کرپشن سے پاک اور اپنی جان خطرات میں ڈال کر پاکستان و عوام کی حفاظت اور ترقی و استحکام کیلئے خدمات انجام دینے پر مبنی ہے۔

اسلئے یہ اعتراض مسترد ہوجائے گا اور پرویز مشرف انتخابات میں واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے وزیراعظم پاکستان کی حیثیت سے حلف اٹھاکر ملک و قوم کی تعمیرو ترقی ‘ تحفظ و استحکام اور امن وخوشحالی کی بنیاد رکھیں گے۔