شمالی وزیرستان سے لوگوں کی نقل مکانی جاری، بنوں میں گھر کم پڑ گئے

North Waziristan People

North Waziristan People

بنوں (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان سے لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔۔ بنوں میں کرائے کے مکانات کم پڑ گئے، نقل مکانی کرنے والوں نے سڑکوں پر ڈیرے ڈال دیئے۔

شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں سے مقامی لوگوں کی محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی جاری ہے ، زیادہ تر لوگ بنوں پہنچ رہے ہیں۔بڑی تعداد میں آئی ڈی پیز کی آمد کی وجہ سے بنوں میں کرائے کے مکانات کم پڑ گئے ہیں۔

مکانات نہ ملنے کی وجہ سے بیشتر خاندان ڈی آئی خان روڈ پر کھلے آسمان کے نیچے بیٹھنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ نقل مکانی کرنے والوں میں طلباء بھی شامل ہیں جن کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ جماعت نہم اور دہم کے امتحانات ہونے والے ہیں اور متبادل انتظام نہ ہونے کی صورت میں ان کے امتحانات سے محروم ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

دوسری جانب صوبائی حکومت یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آئی ڈی پیز کی رہائش یا خوراک کیلئے ابھی تک کوئی کیمپ نہیں بنایا گیا ہے۔