اوگرا کرپشن کیس، توقیرصادق کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 دن کی توسیع

Tauqeer Sadiq

Tauqeer Sadiq

اسلام آباد (جیوڈیسک) احتساب عدالت نے اوگرا کرپشن کیس کے مرکزی ملزم توقیر صادق کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 دن کی توسیع کر دی۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر اوگرا کرپشن سکینڈل کیس کی سماعت کی،ملزم توقیر صادق کو سخت سیکورٹی میں عدالت لایا گیا۔

نیب پراسیکوٹر بیرسٹر سعید الرحمان نے عدالت کو بتایا کہ اب تک 54ارب 85 کروڑ روپے کی ریکوری کی جا چکی ہے۔ توقیر صادق کے دبئی کے بینک اکانٹ میں 1 لاکھ درہم منتقل ہوئے۔ رقم منتقلی کے شواہد اکٹھے کرنے ہیں۔ پراسیکیوٹر نیب نے بتایا کہ گیس کمپنیوں کے بعض اہم گواہوں کی شہادتیں بھی آئی ہیں۔

اس لیے ملزم توقیر صادق کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 10 روز توسیع کی جائے۔ملزم توقیر صادق کے وکیل عصمت اللہ نے موقف اختیار کیا کہ 64 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہو چکا ہے۔ توقیر صادق دبئی میں بھی 20 روز نیب کی تحویل میں رہ چکے ہیں، عصمت اللہ نے کہا کہ نیب 4 مرتبہ توقیر صادق کا جسمانی ریمانڈ لے چکی ہے۔

پراسیکیوٹر اور نیب کی جانب سے توقیر صادق کے ریمانڈ کے لیے پرانی کہانیاں سنائی جاتی ہیں۔عدالت نے ملزم توقیر صادق کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین دن کی توسیع دیتے ہوئے 13 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا، توقیر صادق کی استدعا پر عدالت نے انہیں ہمشیرہ سے بات کرنے کی اجازت دے دی۔