چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس، راجہ پرویز، یوسف رضا گیلانی سمیت تمام ملزمان طلب

Yousuf Raza Gilani,Pervez Ashraf

Yousuf Raza Gilani,Pervez Ashraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توقیر صادق کی بطور چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس میں دو سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کو اٹھارہ فروری کو طلب کر لیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اوگرا کرپشن کیس کی سماعت کی، سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق عدالت میں پیش ہوئے، نیب نے احتساب عدالت کے رجسٹرار کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات دور کر کے دو ریفرنس عدالت میں جمع کرا دیئے۔

سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی تقرری اور اوگرا میں اربوں روپے کی کرپشن کے دو ریفرنسز جمع کرائے گئے۔

توقیر صادق کی بطور چیئرمین اوگرا تقرری کے ریفرنس میں دو سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت چھ ملزم شامل ہیں۔ اوگرا کرپشن ریفرنس میں توقیر صادق سمیت بارہ ملزموں کو نامزد کیا گیا ہے۔

احتساب عدالت نے سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت چھ ملزموں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اٹھارہ فروری کو عدالت پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔