او آئی سی مسلمان حکمرانوں کا اجلاس بلا کر اسرائیل کیخلاف اعلان جہاد کرے، سراج الحق

Siraj-ul-Haq

Siraj-ul-Haq

پشاور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسراج الحق نے کہا ہے کہ او آئی سی مسلمان حکمرانوں کا اجلاس بلا کر اسرائیل کے خلاف اعلان جہاد کرے۔

ملک انتہائی گھمبیر حالات سے گزر رہا ہے، پارٹی مفادات سے بالا تر ہوکر سوچنے کی ضرورت ہے، حکومت کی ناکامی کو جمہوریت کی ناکامی تصور نہیں کیا جانا چاہئے۔

ملک کے غریب اور محروم طبقات کو ساتھ ملا کر ملکی اقتدار اور وسائل پر قابض بالادست طبقات کو چیلنج کروں گا، فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کو لگام دینے کے لئے مسلم سربراہان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، 10اگست کو اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہونے والے عظیم الشان مارچ میں عوام بھر پور شرکت کریں وہ جمعہ کو تحصیل منڈہ ضلع دیرپائیں کے علاقہ شلکانڑی میں عمائدین علاقہ اور جماعت اسلامی کے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔

امیر سراج الحق نے کہا کہ ملک کے 18 کروڑ عوام حکمرانوں اور سیاسی قیادت سے اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسائل کی جڑ ملک کے اقتداراور وسائل پر قابض مٹھی بھر اشرافیہ ہے جو عوام کے کندھوں سے اترنے کے لئے تیار نہیں لیکن انشاء اللہ تعالیٰ ملک کے غریب اور محروم طبقات اور بالخصوص نوجوانوں کو ساتھ لیکر ملک میں حقیقی انقلاب برپا کروںگا، جس کے نتیجے میں ملک کے غریب لوگوں کے دن پھریںگے اور ظلم کی طویل سیاہ رات کا خاتمہ ہوگا اور ترقی و خوشحالی کے ایک نئے اسلامی دور کا آغاز ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ شریعت دراصل انسان کو انسان کی غلامی سے نجات دلا کر انہیں اللہ کی بندگی میں دینے اور لوگوں کو عدل وانصاف، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی بلا امتیاز فراہمی کا نام ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیلی مظالم تمام حدود عبور کر چکے ہیں لیکن بدقسمتی سے اسلامی ممالک کی حکومتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کو آگے بڑھ کر اس نازک وقت میں امت مسلمہ کی قیادت کا فریضہ ادا کرنا چاہئے اور اسرائیلی مظالم کا راستہ روکنے کے لئے متحدہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہئے۔

دریں اثناء جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق پیر کے دن مرکزی قیادت کے ہمراہ پارٹی کے عوامی ایجنڈے کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے پارٹی کی امارات سنبھالنے کے بعد اسے عوام میں مزید مقبول بنانے کے لئے نئی حکمت عملی تیار کی ہے جس کے تحت وہ ملک گیر عوامی رابطہ مہم بھی شروع کریں گے۔