ن لیگ کی حکومت عوام کے بھاری مینڈیٹ کے مطابق ملک کو مسائل سے نکال رہی ہے، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں عوام کے دیئے گئے بھاری مینڈیٹ کے مطابق پاکستان کو مسائل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے کوشاں ہے، کوئی مارچ اور احتجاج ملک کی ترقی کے سفر میں حائل نہیں ہو سکتا۔

پاکستان کو ایسے لانگ مارچ کی ضرورت نہیں جس سے قومی وحدت پارہ پارہ ہوجائے بلکہ ملک کو ترقی و خوشحالی کے لانگ مارچ کی ضرورت ہے، وطن عزیز انشاء اللہ اپنی منزل ضرور حاصل کرے گا، ملک سے اندھیرے دور ہوں گے اور پاکستان دنیا کی عظیم معاشی قوت بنے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مری میں (ن) لیگ یوتھ ونگ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہاہے۔ پاک فوج دہشت اور خلاف امن کے دشمنوں سے برسر پیکار ہے۔

ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک وقوم کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کے لئے پوری قوم متحد ہو جائے اور معاشرے کا ہر فرد اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک کو مسائل کے گرد اب سے نکالنے کے لئے پر عزم ہے۔ انشاءاللہ ہماری کاوشیں رنگ لائیں گی۔ ملک امن کا گہوارہ بنے گا اور ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار ہوگا۔

گزشتہ 6 برسوں سے صوبے کی ترقی کے لئے شروع کیا گیا سفر کامیابی سے جاری ہے اور یہ ترقی کا سفر رکے گا نہیں بلکہ پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنا کر دم لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران صوبے میں ترقیاتی سکیموں کے لئے 345 ارب روپے کے ریکارڈفنڈز رکھے گئے ہیں اور سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور آئے گا۔