عوام کو استحصالی مافیا کا غلام بنائے رکھنے کیلئے مشرف کو اقتدار سے دور رکھا جارہا ہے ،طاہر حسین

کراچی : استحصالی قوتیں عوام کو بے اختیار و غلام رکھنا چاہتی ہیں تاکہ ملک و قوم اور ان کی نسلوں کے مستقبل کے فیصلے کی طاقت ہمیشہ ان استحصالیوں کے پاس رہے جو عوام کا شکار کرکے جاگیریں اور جائیدادیں بناتے اور اپنی نسلوں کا مستقبل سنوارنے کیلئے عوام کے بچوں کا مستقبل برباد کرتے چلے آئے ہیں جبکہ پرویز مشرف عوام کو با اختیار اور شریک اقتدار بنانا چاہتے ہیںا سی لئے مشرف کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے مشرف کیخلاف سازشیںکی جارہی ہیں اور انہیں جھوٹے کیسز میں پھانسا جارہا ہے۔

جبکہ پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے پرویز مشرف کے انتخاب لڑنے پر تاحیات پابندی کا غیر ائینی فیصلہ بھی عوام کیخلاف اسی منظم سازش کا ہی ایک حصہ ہے ۔آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مفاد پرست عناصر تحفظ آئین کے نام پر عوامی استحصال مافیا کے مفادات کیلئے قومی مفادات کو قربان کرتے چلے آئے ہیں۔

آمروں کی گود میں پلنے والوں کے ساتھ آمرانہ اقدامات کو آئینی تحفظ فراہم کرنے والے ‘جمہوریت کے نام پر سرمایہ داروں کواقتدار دلانے اور دہشتگردوں کو شک کا فائدہ دیکر چھوڑ دینے والے سب ہی پاکستان و عوام دشمن استحصال مافیا کا حصہ ہیں جو نہ تو ملک سے’ نہ قوم سے اور نہ ہی پاکستان کے عوام سے وفادار ہیں۔