عوام پرویز مشرف کا ٹرائل نہیں، ملکی مسائل کا حل چاہتے ہیں، عاصمہ جہانگیر

Asma Jahangir

Asma Jahangir

سپریم کورٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ عوام سابق صدر پرویز مشرف کا ٹرائل نہیں، ملکی مسائل کا حل چاہتے ہیں، لوگوں کو لوڈشیڈنگ، روزگار اور مہنگائی نے پریشان کر رکھا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ عوام اپنے مسائل کے حوالے سے بے چینی کا شکار ہیں، ایسی بجلی کا بل ادا کر رہے ہیں ، جو ملتی بھی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2007 کے اقدامات پر سابق صدر پرویز مشرف کا ٹرائل مضحکہ خیز بات ہے، کیا 1999 کے اقدامات آئینی تھے؟ عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ وکلا تحریک پرخلوص تھی، بعض لوگوں نے اس کا سودا کیا، اگر آرمی چیف نے ہی عدلیہ کو بحال کرنا تھا تو وکلا تحریک کے اصول کہاں گئے، اس پر وکلا کو بھی جواب دینا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے ٹرائل میں انتقام نہیں ہونا چاہیئے۔ سیمینار میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ 1956 سے آج تک تمام ڈکٹیٹروں کے خلاف کارروائی کی جائے، احتساب سب کا ہونا چاہیئے۔ سیمینار سے ایاز امیر، آئی اے رحمان اور لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے بھی خطاب کیا۔