پشاور : مسجد پر حملے کا مقدمہ درج، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری

 Masjid Attack Case

Masjid Attack Case

پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے نواحی علاقے اچینی میں مسجد پر حملے کا مقدمہ تھانہ سربند میں درج کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 20 سے زیادہ تھی۔ پولیس کے مطابق اچینی میں مسجد پر حملے کے بعد پولیس اور ایف سی کا مشترکہ سرچ آپریشن کیا گیا، جس میں 35 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، گرفتار افراد میں کالعدم تنظیم کے کارکن بھی شامل ہیں۔ گزشتہ شب اچینی بالا میں مسجد پر حملے میں 3 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 20 سے زیادہ تھی، جنہوں نے دستی بموں کا استعمال اور فائرنگ کی۔ رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں کے خیبر ایجنسی فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حملے کا مقدمہ سربند پولیس اسٹیشن میں نامعلوم شرپسندوں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔