پشاور : نان بائیوں کی ہڑتال آج دوسرے روز بھی جار ی رہے گی

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) حکومت کے انکار پر نان بائیوں کی ہڑتال آج بھی جاری رہے گی۔ خیبر پختونخوا کے عوام آٹا مہنگاہونے کی پریشانی نہیں بھولے تھے کہ تندور مالکان روٹی کی قیمت بڑھانے کے لئے احتجاج شروع کرکے انہیں نئی مشکل میں ڈال دیا۔ ہڑتال آج دوسرے روز بھی جاری رہے گی۔ پشاور میں 20 کلو گرام آٹے کی قیمت 800 روپے سے بڑھ کر 860 روپے ہو گئی ہے۔ آٹا مہنگا ہونے کی وجہ سے نانبائیوں نے روٹی کی قیمت بڑھانے کے لئے ہڑتال شروع کردی۔

پشاور سے شروع ہونے والی ہڑتال کا دائرہ دیگر اضلاع تک پھیل گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ہڑتال کرنے اور تندور بند رکھنے پر100 سے زیادہ نان بائیوں کو گرفتار اور جرمانہ کیا ہے۔ سرکاری نرخ کے مطابق 120 گرام روٹی کی قیمت 6 روپے اور 270 گرام روٹی کی قیمت 12 روپے مقرر ہے۔ نان بائی چاہتے ہیں کہ روٹی سستی فروخت کرنے کے لئے حکومت ان کو سستا آٹا فراہم کرے یا سنگل روٹی کی قیمت 8 روپے اور ڈبل وزن کی روٹی کی قیمت 15 روپے مقرر کر دی جائے۔ تاہم انتظامیہ نانبائیوں کا یہ مطالبہ ماننے سے انکاری ہے اور خبردار کیا ہے کہ تندور بند رکھے گئے تو نانبائیوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑے گی اور ساتھ ہی جرمانہ بھی بھرنا ہو گا۔