پشاور : رمضان میں شدت پسندوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں، آئی جی

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختون خوا احسان غنی نے تمام ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس افسروں کو ہدایت کی ہے کہ ماہ رمضان کے دوران شدت پسندوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ پشاور سے جاری ہینڈ آوٹ کے مطابق آئی جی خیبر پختون خوا احسان غنی نے ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس افسروں کو ماہ رمضان میں امن و امان کے قیام کے لئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنیکی ہدایت کی ہے۔انہوں نے دہشت گردی کی کارروائیوں کو ناکام بنانے کے لئے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو فعال بنانے کے احکامات بھی دیئے۔

آئی جی پولیس احسان غنی نے پولیس افسروں سے کہا کہ شدت پسند تنظمیوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر ر کھی جائے۔ انہوں نے اعلی شخصیات، عبادت گاہوں، بازاروں ،سڑکوں اور شاہراہوں کے علاوہ مساجد میں تراویح اور فجر کے اوقات میں عوام کی حفاظت سمیت بازاروں، مارکیٹوں اورخاص طور پر خواتین کی خریداری کے مراکز میں سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی۔