شام : حکومت کا کیمیائی ہتھیاروں سے حملہ ، 213 افراد جاں بحق

Syria

Syria

دمشق (جیوڈیسک) شام میں صدربشارالاسد کی حکومت نے جنگ میں زہریلی گیس کا استعمال شروع کر دیا۔ دمشق میں زہریلی گیس کے حملے میں دو سو سے زائد افراد مارے گئے۔ اپوزیشن نے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق دمشق کے نواحی علاقے ، عین ترما، زمالکا، اور جوبر میں زہریلی گیس کے حملے سے دو سو تیرہ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

شام میں دو سال سے جاری جنگ میں زہریلی گیس کا یہ بدترین حملہ ہے جس نے سیکڑوں افراد کو سسک سسک کر مرنے پر مجبور کر دیا۔ شامی ٹیلی ویژن پر زہریلی گیس سے متاثرہ افراد کی ویڈیو دکھائی گئی ہے۔ زہریلی گیس سے مرنے والوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

شامی حکومت پر اس سے پہلے بھی جنگ میں کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا الزام عائد کیا جا چکا ہے۔ شہریوں کے قتل عام پر اپوزیشن نے سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے جبکہ عرب لیگ نے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔