مسلم لیگ ن نے قوم کی فلاح کا بیڑہ اٹھا لیا : غلام دستگیر خان

گوجرانوالہ : مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے قوم کی فلاح کا بیڑہ اٹھا لیا ، شریف برادران قوت ارادی اور کردار کی سچائی سے تباہ حال قومی اداروں کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کریں گے،نوازشریف کی وزیراعظم بننے کے بعد پہلی تقریر عوامی امنگوں کی آئینہ دار ہوگی۔

قلیل اور طویل المدتی منصوبوں پر عمل کرکے ملک کو بحرانوں سے نجات دلائی جائے گی ، تمام ملکی معاملات قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر چلائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پرمختلف وفود کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران کو قابو میں لاکر ملک کے تمام طبقوں کو ریلیف پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔

مسلم لیگ ن لوڈشیڈنگ میں بتدریج کمی کرکے ملکی معیشت کا رکا ہوا پہیہ پھر سے چلائے گی۔ میاں شہباز شریف جیسی انتھک شخصیت جن کاپوری دنیا میں اعتراف کیا جاتا ہے ایک بار پھر خادم پنجاب کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گے اور پہلے سے بھی زیادہ مئوثر انداز میں عوام کی خدمت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے اراکین اسمبلی و پارٹی عہدیداران و کارکنا ن میں میاں نواز شریف کے پروگرام پر عملدرآمد کے لئے اپنی بھرپور توانائیاں صرف کریں اور جوش خطاب میں ایسے بیانات کو اخبارات کی زینت نہ بنائیں جو پارٹی کیلئے کسی قسم کی خفت کا باعث بنیں۔اس موقع پر سابق مئیر غلام قادر خان،ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری اشرف علی انصاری،سینئر ورکنگ جرنلسٹ ملک محمد اکرم،محمد اشرف،عامر اکرام بٹ،خالد پرویز ڈار اور دیگر بھی موجود تھے۔