وزیراعظم کی زیر صدرات کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس جاری

PM

PM

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں چار نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جا رہا ہے۔ دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسزکی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا معاملہ سرفہرست ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی صدارات میں دفاعی کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس ہے۔

اجلاس میں انسداد دہشتگردی پالیسی کے ابتدائی خدوخال پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات یا ان کے خلاف آپریشن کے بارے میں بھی بات چیت کی جائے گی۔ عسکری قیادت دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے اپنی تجاویز سے کابینہ کی دفاعی کمیٹی کو تفصیلی آگاہ کریں گے۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیکورٹی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا، دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں امریکہ کے افغانستان سے انخلا کے بعد متوقع صورتحال کے بارے میں عسکری قیادت اپنی رائے دے گی۔

اجلاس میں نیشنل سیکورٹی پالیسی کے حوالے سے بھی بات کی جائے گی۔ اجلاس میں وزیراعظم سمیت وزیر داخلہ چودھری نثار، مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز، ڈی جی آئی ایس آئی، چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی، نیول چیف ایڈمرل آصف سندھیلہ، پاک فضائیہ کے سربراہ طاہر رفیق بٹ، سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ آصف یاسین ملک شریک ہیں۔