احتجاج دھرنوں اور ہڑتالوں کی سیاست نے عوام سے روزی روٹی اور سکون سب چھین لیا ہے

کراچی : انتخابات ہوچکے ہیں عوام نے تبدیلی و اصلاح کیلئے اپنا کردار ادا کردیا ہے اداروں نے اپنا کام کیا ہے اور پوشیدہ مگر محب وطن قوتوں نے اس ملک کے مستقبل کیلئے جسے بہتر جانا کیا ہے ۔اسلئے جو جماعتیں بھی جس اکثریت سے جیتی ہیں ان کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنا چاہئے۔

جبکہ جو جماعتیں شکست کا شکار ہوئی ہیں انہیں اپنی شکست تسلیم کرلینے کے ساتھ خوداحتسابی کے عمل سے گزرتے ہوئے اپنی غلطیوں سے نجات حاصل کرنی کی کوشش کرنی چاہئے۔ نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فانڈیشن (این جی پی ایف )کے چیئرمین عمران چنگیزی سوشل ونگ کے چیئرمین محمد رئیس اور اقلیتی ونگ کی چیئرمین شری ہنس راجکمارنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے۔

دھرنوں احتجاج اور ہڑتالوں کی سیاست نے پہلے ہی پاکستان کو اس قدر نقصا ن پہنچایا ہے کہ عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہوچکے ہیں اسلئے اب اس روایتی سیاست مخاصمت منافقت تعصب اور لسانیت کے خول سے باہر نکل کر تمام قیادتوں کو ملک وقوم کے بہتر مستقبل کیلئے ایک دوسرے کے وجود اور مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کی عادت ڈال کر تعمیروترقی پاکستان کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا۔

وگرنہ عوام نے جس اصلاحی تبدیلی کی بنیاد رکھی ہے سیاستدانوں کے اقتدار کی بھوک اس تبدیلی کو کھاجائے گی اور عوام کی ساری محنت اکارت چلی جائے گی۔