پنجاب : ماورائے عدالت ہلاکتوں میں اضافہ، ق لیگ کی تحاریک التوا

Punjab Assembly

Punjab Assembly

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ق لیگ پنجاب کے اراکین صوبائی اسمبلی نے پنجاب میں بڑھتے ہوئے پولیس مقابلوں اور زیر حراست ہلاکتوں میں اضافہ کے واقعات پر پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں 3 تحاریک التوا اور ایک توجہ دلاو نوٹس جمع کروا دیا ہے۔ ق لیگ کے اراکین اسمبلی نے کہا کہ ماورائے عدالت ہلاکتیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور ناقابل برداشت ہیں۔

عامر سلطان چیمہ نے سرگودھا کے تاجر کی شیخوپورہ میں پولیس کے ذریعے اغوا اور مبینہ طور پر پولیس تشدد کے بعد لاہور میں موت پر تحریک التوا جمع کروائی ہے۔ ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل نے اوکاڑہ محلہ عظیم آباد سے لڑکی کے اغوا اور ملزمان کو گرفتار نہ کئے جانے پر توجہ دلاو نوٹس جمع کروایا۔

ثمینہ خاور حیات نے سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے بھتیجے کی فیکٹری سے اکاونٹنٹ کے اغوا اور تاحال اس کے بارے میں کسی کو کچھ خبر نہ ہونے پر تحریک التوا جمع کروائی۔ ق لیگ کے سردار آصف نکئی اور ڈاکٹر محمد افضل نے لاہور کے تمام تھانوں میں E ایف آئی آر کے اندراج کے حوالے سے وفاقی حکومت کے 2006 میں کئے گئے فیصلہ پر عمل نہ کرنے اور اس حوالے سے فنڈز ضائع کرنے پر تحریک التوا جمع کروائی۔