پنجاب حکومت اور نادرا میں اسلحہ لائسنس کمپیوٹرائز کرنے کا معاہدہ

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت اور نادرا کے درمیان صوبے میں اسلحہ لائسنسوں کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لئے گزشتہ روز مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی تھے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان جبکہ نادرا کی جانب سے قائم مقام چیئرمین شاہد حامد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا پراجیکٹ 140 دن میں مکمل کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا پنجاب حکومت اور نادرا کے درمیان معاہدہ خوش آئند ہے ، پنجاب میں اسلحہ لائسنسوں کی کمپیوٹرائزیشن کا منصوبہ پرامن معاشرے کی تشکیل کی جانب اہم سنگ میل ہے ، اگر ہم نے اہل پاکستان کو پرامن اور تشدد سے پاک ماحول فراہم کرنا ہے تو ہمیں اسلحہ سے پاک معاشرے کی منزل کے لئے تگ و دو کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا پنجاب حکومت اور نادرا اسلحہ لائسنسوں کے اجراء کے موجودہ نظام کو تبدیل کرکے مربوط اور جامع کمپیوٹرائزڈ آرمز لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم تشکیل دیں گے ، بوسیدہ اور فرسودہ کتابچوں کی شکل میں موجودہ لائسنسوں کو کمپیوٹر چپ کارڈ میں تبدیل کیا جائے گاجس سے لائسنسوں کے اجرا میں خامیاں دور ہوں گی۔انہوں نے کہا پراجیکٹ کا آغاز ابتدائی طور پر پانچ اضلاع سے کیا جارہا ہے۔

وزیر داخلہ نثارعلی نے کہا مفاہمت کی یادداشت پر دستخط اہم پیش رفت ہے ۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے پانچ بڑے شہروں لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور راولپنڈی کیلئے واٹر سپلائی، ڈرینج اورسیوریج نظام بہتر بنانے کے مرحلہ وار پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایم این اے حمزہ شہبازاور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہاواٹر سپلائی، ڈرینج اور سیوریج نظام کو بہتر بنانے کے پروگرام پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا۔ اجلاس میں جوہرٹاؤن، تاج پورہ اور شادباغ میں واٹر سپلائی، ڈرینج اور سیوریج سسٹم کو بہتر بنانے کے پائلٹ پراجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈرینج نظام کی ری ماڈلنگ کی جائے گی۔

انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ ڈرینوں کی صفائی کا کام فی الفور شروع کیا جائے ۔شہباز شریف سے چیئرمین آپٹما ایس ایم تنویر کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے کہا ٹیکسٹائل سیکٹرکو ترقی دے کر روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ شہباز شریف نے گوجرانوالہ کے قریب تربیتی طیارہ تباہ ہونے کے نتیجے میں 2 پائلٹس کی شہادت پر گہرے دکھ اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔