ہمارا مقصد آرمینیا کے ساتھ تعلقات کو مکمل بحال کرنا ہے: چاوش اولو

Mevlut Cavusoglu

Mevlut Cavusoglu

ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ آرمینیا کے ساتھ دوسری مذاکراتی نشست میں اعتماد کے فروغ کے لئے ممکنہ اقدامات پر بات چیت کی جائے گی۔

چاوش اولو نے کل کابینہ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں کے سوالات کے جواب دئیے۔

ترکی کے آرمینیا کے ساتھ تعلقات بحال کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ “پہلی مذاکراتی نشست میں خصوصی نمائندوں نے مذاکراتی مرحلے کے مقاصد اور توقعات پر بات کی۔ ہمارا ہدف آرمینیا کے ساتھ تعلقات کو مکمل معمول پر لانا ہے۔ ہم نے اس کا اعلان بھی کیا ہے۔ آرمینیا بھی اس سے مطمئن ہے۔ لیکن تعلقات کی مکمل بحالی کے لئے پروازوں کے آغاز اور خصوصی نمائندوں کی تعیناتی کے علاوہ اٹھائے جا سکنے والے اقدامات پر مذاکرات کی دوسری نشست میں بات کی جائے گی اور اعتماد میں فروغ کے اقدامات پر غور کیا جائے گا”۔

روس اور یوکرائن کے درمیان جاری کشیدگی کے بارے میں سوال کے جواب میں وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ “ہم علاقائی تناو میں کمی کے خواہش مند ہیں اور مسئلے کے حل کے لئے ڈائیلاگ کو ضروری خیال کرتے ہیں۔ نیٹو۔روس اور امریکہ۔روس مذاکرات اس پہلو پر کوئی حتمی نتیجہ سامنے لائیں گے۔ نیٹو نے روس کو زبانی جواب دیا ہے اور روس اس کی پیش کردہ تجاویز کا تحریری جواب دے گا”۔

وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے، سوٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں روس کے وزیر خارجہ سرگے لاوروف اور امریکہ کے وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کے ساتھ متوقع ملاقات کی یاد دہانی کروائی اور کہا ہے کہ “کشیدگی جاری ہے اور صورتحال نہایت سنجیدہ ہے۔ ہم بھی ملاقاتیں اور مذاکرات جاری رکھیں گے۔ ہمارا مقصد تناو میں کمی لانا ہے”۔