کوئٹہ بم دھماکے : بلوچستان میں یوم سوگ، پرچم سرنگوں، تدفین کا عمل جاری

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) ویمن یونیورسٹی اور بولان میڈیکل کمپلیکس ھسپتال بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات کے خلاف کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں آج یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے جبکہ بم دھماکے میں جاں بحق طالبات کی تدفین آج کی جائے گی۔

گذشتہ روز بلوچستان حکومت کی جانب سے ویمن یونیورسٹی اور بولان میڈیکل کمپلیکس ھسپتال بم دھماکوں اور فائرنگ کی واقعات میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ، طالبات اور سکیورٹی اہلکاروں سمیت دیگر افراد کی قیمتی جانوں کے ضیاع کے واقعہ کے خلاف کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا تھا جس پر شہر بھر میں سوگ اور غم کی کیفیت ہے سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب اس موقع پر پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کی اپیل پر شہر میں تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہیں گذشتہ روز بی ایم سی اسپتال میں مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین آج کوئٹہ میں کی جائے گی۔ ان کی نماز جنازہ گذشتہ رات گئے پولیس لائن میں ادا کر دی گئی تھی۔ دوسری جانب خواتین یونیورسٹی واقعہ میں جاں بحق طالبات میں سے چھ کی شناخت ہوگئی ہے دیگر آٹھ کی ابھی باقی ہے۔شناخت ہوجانے والی طالبات کی تدفین بھی آج ہی کردی جائے گی۔