کوئٹہ : مفتی محمود کی یاد میںجمعیت علمائے اسلام ف کی کانفرنس آج ہو گی

Conference

Conference

کوئٹہ (جیوڈیسک) جے یو آئی ف بلوچستان کے زیراہتمام آج کوئٹہ میں مفتی محمود کی یاد میں کانفرنس منعقدکی جارہی ہے۔ مفتی محمود کانفرنس کا انعقاد کوئٹہ کے صادق شہید فٹ بال گراونڈ میں کیا گیا ہے۔ کانفرنس کے لیے ضروری انتظامات کرلیے گئے ہیں۔

کانفرنس سے مولانا مفتی محمود کے صاحبزادے اور جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان، مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر عبدالغفور حیدری اور دیگر سینئر قائدین خطاب کریں گے۔ جلسہ گاہ میں قائدین کے لیے گراونڈ کا مین اینکلوژر مختص کیا گیا ہے جبکہ شرکا کے لیے فرشی نشست کا اہمتام کیا گیا ہے۔

جلسہ گاہ کے اندر اور باہر بینر اور پوسٹر آویزاں کردیے گئے ہیں جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں کانفرنس کی تشہیر کے لیے بڑے بل بورڈ اور سڑکوں کےکنارے سیاہ اور سفید پٹیوں والے جمعیت کے جھنڈے بھی لگائے گئے ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس کانفرنس کے ذریعے جمعیت اپنی بھرپور قوت کا مظاہرہ کرے گی۔

مفتی محمود کانفرنس جو کوئٹہ میں منعقد کی جارہی ہے اس کے ذریعے ہم اپنی بھرپور طاقت کا مظاہرہ کریں گے اور یہ ثابت کریں گے کہ جمعیت صوبے کی سب سے بڑی دینی و سیاسی قوت ہے۔ ویسے تو منتظمین کے مطابق جلسے کی سیکیورٹی کی مجموعی ذمے داری حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی ہوگی۔

تاہم جلسہ گاہ کے اندر اور باہر جمعیت کی ذیلی تنظیم انصار السلام کے تقریبا تین ہزار رضاکار بھی سکیورٹی پر مامور ہوں گے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ مفتی محمود کانفرنس میں قائدین اور کارکنوں کی جانب سے جمعیت کے بانی کی فکر اور جمعیت کے کاز کو آگے لےجانے کے لیے ایک نئے عزم کے ساتھ تجدید عہد کیا جائے گا۔