راولپنڈی : سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے بھتیجے کا فرار، پولیس کے چھاپے

Police Raid

Police Raid

راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی میں پولیس نے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے بھتیجے فرخ کھوکھر کے فرار کے بعد تاجی کھوکھر کے ڈیرے پر چھاپہ مارکر متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ نواز کھوکھر کہتے ہیں،، ان کا بھتیجا بھاگا نہیں بلکہ بھگایا گیا، اس کے پولیس مقابلے میں مرنے کی خبر بھی آسکتی ہے۔

قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر نواز کھوکھر کے بھتیجے فرخ کھوکھر کو عدالت پیشی کے بعد واپس اڈیالہ جیل لے جایا جارہا تھا کہ مبینہ طور پرپچیس سے تیس افراد نے حملہ کر کے اسے چھڑا لیا۔ سی سی پی او عمر اختر حیات لالیکا کے مطابق، فرخ کھوکھر کے فرار کے بعد چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

نواز کھوکھر کے بھائی تاجی کھوکھر کے ڈیرے پر چھاپے کے دوران متعدد افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ پولیس گارڈ کی موجودگی میں زیر حراست ملزم کو چھڑانا آسان نہیں۔ اگر وین پر حملہ ہوا تو پولیس نے کارروائی کیوں نہیں کی۔

ان کا بھتیجا بھاگا نہیں بلکہ بھگایا گیا ہے اور فرخ کو پولیس مقابلے میں مارنے کی خبر بھی آسکتی ہے۔ پولیس کے مطابق فرخ اور تاجی کھوکھر کے خلاف قتل، اقدام قتل اور زمینوں پر قبضوں کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔