امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی عہدے سے دستبردار

Sheikh Hamad bin Khalifa

Sheikh Hamad bin Khalifa

دوحہ (جیوڈیسک) قطر کے امیر شیخ حمد عہدے سے دستبردار، ولی عہد شیخ تمیم قطر کے نئے امیر مقرر، عوام کو نئے امیر کی بیعت کے لئے مدعو کر لیا، نئے امیر قطر کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کابینہ میں ردوبدل کا امکان، طاقتور وزیراعظم شیخ حمد بن جاسم آل ثانی بھی عہدے سے محروم ہو سکتے ہیں۔

قطر کے ولی عہد کو ملک کا نیا امیر نامزد کر دیا گیا۔ شاہی محل سے جاری بیان کے مطابق قطر کے ولی عہد تمیم بن حماد الثانی کو ملک کا نیا امیر نامزد کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق قطر کے عوام کو مدعو کیا گیا ہے کہ وہ اپنے نئے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی کی بیعت کریں۔ اس کے بعد قطر کے موجودہ امیر شیخ حماد بن خلیفہ الثانی اپنے 33 سالہ بیٹے تمیم بن حماد الثانی کے حق میں اپنے عہدے سے دستبردار ہوں گے۔

یاد رہے کہ تمیم بن حماد الثانی خلیجی ریاستوں کے سب سے کم عمر امیر ہیں۔ امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے حکمران خاندان کے ساتھ مشاورت کے بعد اقتدار اپنے بیٹے شیخ تمیم کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قطر کے ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق باسٹھ سالہ شیخ حمد نے مسائل حل کرنے والے لوگوں سے ملاقات کی ہے اور اس کے بعد قیادت اپنے بیٹے تمیم کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سفارتی ذرائع نے قبل ازیں اطلاع دی تھی کہ قطر میں اقتدار کی منتقلی پر غور کیا جا رہا ہے اور امیر قطر اقتدار اپنے ولی عہد بیٹے کو سپرد کر کے سبکدوش ہو جائیں گے اور وہ صرف علامتی حکمران ہی رہیں گے جبکہ خلیجی ریاست کا تمام نظم ونسق نئے امیر قطر چلائیں گے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق نئے امیر قطر کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کابینہ میں ردوبدل بھی کیا جائے گا اور طاقتور وزیراعظم شیخ حمد بن جاسم آل ثانی اپنے عہدے سے محروم ہوسکتے ہیں یا پھر ان سے وزارت خارجہ کا قلمدان واپس لیا جا سکتا ہے۔