رٹا سسٹم نے معیار تعلیم کو تباہ کردیا ہے، قومی زبان اردو کو ذریعہ تعلیم بنایا جائے : محمد زبیر صفدر

لاہور(22جولائی 2013) ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان محمد زبیر صفدرنے کہا ہے کہ آئین پاکستان کی دفعہ 251 کے مطابق قومی زبان اردو کو قرار دا یا گیا ہے اور اس بات کا عہد کیا گیا تھا کہ تمام تر نظام کو قومی زبان میں منتقل کیا جائے گا لیکن ایک مدت گزر جانے کے بادجود ہم ابھی تک تاج برطانیہ کے چنگل سے نہیں نکل سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساہیوال میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام صوبوں کے درمیان اور صوبوں کے اندر بھی بعض علاقوں میں رابطے کا ذریعہ اردو ہے۔ہر زبان ایک مخصوص تہذیب اور ثقافت کی نمائندہ ہوتی ہے اور اپنے سیکھنے والوں پر اس کے اثرات چھوڑتی ہے، غیروں کی زبان کا تسلط غلامی کا پیش خیمہ ہوتا ہے۔

ناظم اعلیٰ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ تمام ترقی یافتہ قوموں نے اپنی قومی زبانوں ہی میں تعلیم دے کر ترقی کی ہے۔ انگریزی زبان کو اختیاری حیثیت دے کر اس کی تعلیم کا بھی خاطر خواہ انتظام کیا جائے، رٹا سسٹم کی بیخ کنی کی جائے اس ناسور نے معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔ سو فیصد شرح خواندگی کا ہدف ذریعہ تعلیم مکمل طور پر اردو میں کرنے سے حاصل کیا جا سکتا ہے