روس کیخلاف جاسوسی کا الزام، امریکی سفارتکار بیدخل

Russia

Russia

روس(جیوڈیسک)نے اپنے ملک کے خلاف جاسوسی کے الزام میں ایک امریکی سفارتکار کو گرفتار کرکے بیدخل کر دیا ہے۔ماسکو غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے ایک امریکی سفارت کار کو اپنے ملک کیخلاف جاسوسی کرنے کے الزام کے تحت ملک سے بیدخل کر دیا ہے۔

اس امریکی سفارتکار کو ماسکو حکام نے اس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جب وہ ایک شخص کو ایجنٹ بنا رہا تھا۔ روسی وزارتِ خارجہ نے اپنی ویب سائٹ پر انھیںناپسندیدہ شخصیت قرار دیا گیا ہے۔ ویب سائٹ پر مزید کہا گیا ہے کہ ماسکو میں تعینات امریکی سفیر مائیکل میک فال کو طلب کرکے اس پراحتجاج کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فوگل ماسکو میں امریکی سفارت خانے میں تھرڈ پولیٹیکل سیکریٹری کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔ دوسری جانب امریکی وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تصدیق کرتے ہیں کہ ماسکو میں ہمارے سفارت خانے کے ایک افسر کو حراست میں لیا گیا تھا اور بعد میں رہا کر دیا گیا۔

ہم نے روسی وزارتِ خارجہ کا بیان بھی دیکھا ہے اور اس بارے میں مزید کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق اس اہل کار کے پاس سے بڑی مقدار میں رقم، تکنیکی آلات اور روسی اہل کار کے لیے تحریری ہدایات برآمد کی گئی تھیں۔