روسی فوجی ہیلی کاپٹر چیچنیا میں گر کر تباہ، تین افراد ہلاک

Russian Helicopters

Russian Helicopters

ماسکو(جیوڈیسک)تین افراد اس وقت ہلاک ہو گئے جب ایک روسی فوجی ہیلی کاپٹر چیچنیا میں خراب موسم کے دوران اترنے کی کوشش میں تباہ ہو گیا۔ یہ بات تفتیش کاروں نے کہی۔ ایم آئی ایٹ ہیلی کاپٹر جس کا تعلق قریبی ستاروپول علاقے کے فوجی اڈے سے تھا۔ شورش زدہ شمالی قفقازی علاقے کے خان کالا فوجی اڈے پر لینڈنگ کے دوران تباہ ہوا۔

تفتیشی کمیٹی نے ایک بیان میں کہا اس کے نتیجے میں عملے کے تین ارکان موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ ایک کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے جس کے سر پر زخم آیا ہے اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی ہے اور اسے دیگر چوٹیں بھی آئی ہیں۔ اس نے کہا ہیلی کاپٹر تقریبا مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

روسی اداروں نے سکیورٹی ذریعہ کے حوالے سے کہا کہ شدید خراب موسم کے باعث بظاہر لینڈنگ کوشش ناکام رہی۔ ذرائع نے کہا حد نظرانتہائی کم ہونے کے بعد ہیلی کاپٹر بہتر انداز میں نہ اتر سکا اور زمین سے ٹکرا گیا جس سے اس میں سوار چار میں سے تین افراد موقع پر ہلاک ہو گئے۔