تنخواہ سال میں ایک بار، مہنگائی مہینے میں 2 بار بڑھ جاتی ہے: چوہدری شجاعت

 Chaudhry Shujaat

Chaudhry Shujaat

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ تنخواہ سال میں ایک بار جب کہ مہنگائی ہر مہینے دو بار بڑھ جاتی ہے، یقین ہے کہ انقلاب تنخواہ دار طبقے کے ذریعے ہی آئے گا۔

اپنے ایک بیان میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ہر لیڈر حکومت میں آنے سے پہلے مہنگائی کا شور مچاتا ہے لیکن معاشی مسائل کا حل نہیں بتاتا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہے کیونکہ کاروباری طبقہ 2 روپے کی چیز 4 میں بیچ کر خسارہ پورا کر لیتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ فیکٹری مالکان قیمت بڑھا کر منافع کما لیتے ہیں لیکن اپنے ملازمین کی تنخواہیں نہیں بڑھاتے، تنخواہ دارطبقہ ہرماہ دوبار بڑھنے والی ہوش ربا مہنگائی کا مقابلہ کیسے کرسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن سیاست سےبالا ہوکر عوام کے مسائل حل کریں۔