سعودی عرب میں امریکی فوج کی تعیناتی، شاہ سلمان نے منظوری دیدی

Shah Salman

Shah Salman

ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب میں امریکی فوجی تعینات کرنے کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے منظوری دیدی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق خطے کی سیکورٹی مزید بڑھانے اور ملک میں امریکی فورسز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی عرب اور امریکا خطے کو لاحق خطرات کے پیش نظر اپنے طویل مدتی تعلقات کو مزید مستحکم کر رہے ہیں۔ امریکی فوج کی تعیناتی کے فیصلے کا مقصد خطے میں امن قائم رکھنے، سکیورٹی اور استحکام کے لیے کی جانے والی مشترکہ کوششوں کو بڑھانا ہے۔

اس سے قبل امریکی محکمہ دفاع نے ایک بیان میں اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھرتے ہوئے خطرات کو روکنے کے لیے سعودی عرب میں فوجی دستے تعینات کرینگے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کچھ عرصے قبل سعودی عرب میں 1 ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم پینٹا گون نے ابھی تک اس تعداد کی سرکاری تصدیق نہیں کی۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA نے مذکورہ ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس اقدام کا مقصد خطے کے دفاع اور امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ عمل کی سطح کو بڑھانا ہے۔ سعودی عرب اور امریکا خطے کی سلامتی کو مضبوط بنانے کی انتہائی خواہش رکھتے ہیں۔