سعودی نائب وزیردفاع کی وزیراعظم، آرمی چیف سے ملاقات

NawazSharif, Sultan Bin Abdul Aziz

NawazSharif, Sultan Bin Abdul Aziz

اسلام آباد (جیوڈیسک) سعودی نائب وزیردفاع شہزادہ سلیمان بن سلطان بن عبدالعزیز نے پیر کو وزیراعظم نوازشریف، وزیردفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ملاقات میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان موجودہ خوشگوار دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مضبوط بنانے کیلیے نئے اسٹرٹیجک تعلقات کے ایک نئے دور کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے افغانستان میں امن عمل کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان خطے کے مفاد میں ہے۔

پاکستان نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع کی وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقات کے موقع پر سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین ملک اور وزارت دفاع کے اعلیٰ حکام کے علاوہ پاکستان میں سعودی سفیر عبدالعزیز بن ابراہیم صالح الغدیر بھی موجود تھے۔