شامی سفارت کار امریکی ہوائے اڈے پر گرفتار

U.S.Airport

U.S.Airport

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا میں شامی صدر بشارالاسد کی جانب سے بھیجے گئے ایک سفارت کار کو واشنگٹن کے ڈیلس ہوائی اڈے پر گرفتار کر لیا گیا، امریکا بدر کرنے کی تیاریاں۔ امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق شامی سفارت کار علی دغمان کو غلطی سے امریکی ویزا جاری کر دیا گیا تھا۔

لیکن اب اس کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ وی او اے نے ایک امریکی عہدے دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکا واشنگٹن میں شامی سفارت خانے کے باقی ماندہ عملے کے داخلے کو بھی محدود کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ شامی سفارت کار کو ویزے کے اجرا پر امریکی کانگریس کے ارکان اور جلا وطن شامی حزب اختلاف نے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے لگتا ہے اوباما انتظامیہ کو بشارالاسد رجیم کو ہٹانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ واضح رہے کہ امریکا نے 2011 میں شامی صدر بشارالاسد کی اپنے خلاف عوامی احتجاجی تحریک کو دبانے کے لئے جبروتشدد کی کارروائیوں کے بعد دمشق میں اپنے سفارت خانے کو بند کر دیا تھا۔

اس کے ردعمل میں شام نے بھی دمشق سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا۔ جون 2012 میں امریکا نے واشنگٹن میں شامی سفارت خانے کے ناظم الامور زہیر جبور کو بے دخل کر دیا تھا اور شامی رجیم کے ساتھ تمام سفارتی روابط منقطع کر لئے تھے۔