شعبان رمضان کے روزوں کی تیاری کا مہینہ ہے، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ شعبان رمضان کے روزوں کی تیاری کا مہینہ ہے ، حضور ﷺنے شعبان میں خصوصیت سے خیر وبرکت کی دعائیں فرمائیں ہیں، رمضان بخشش وعطاء کا مہینہ ہے،اللہ تعالی شعبان کی پندرہویں شب میں (اپنی شان کے مطابق) آسمان دنیا پر نزول فرماتے ہیں ۔ہفتہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں شب برات کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے مفتی محمدنعیم نے کہاکہ شعبان استقبال رمضان کا مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے پندرہویں شب کو فضلیت بخشی ہے جس میں انفرادی طور پر نفلی عبادات کرنی چاہیے ہر مسلمان کو اس رات کا فائدہ اٹھا کر اللہ تعالیٰ سے بخشش کی دعائیں مانگنی چاہیے ، اس کو بدعات کے ساتھ خاص کرنا انتہائی محرومی اور بدقسمتی ہے ،انہوں نے کہاکہ شعبان رمضان المبارک کے روزوں کی تیاری کا مہنیہ ہے آنحضرت ﷺنے ارشاد فرمایا:لوگو! تم پر ایک عظمت اور برکت والا مہینہ آرہا ہے۔

اس مبارک مہینے کی ایک رات (شبِ قدر) ہزار مہینوں سے بہتر ہے اور اس مہینے کے روزے اللہ تعالی نے فرض کئے ہیں اور اس کی راتوں کو بارگاہ الہی میں کھڑا ہونے (یعنی نماز تراویح پڑھنے) کو نفل عبادت مقرر کیا ہے (جس کا بہت بڑا ثواب رکھا ہے) جو شخص اس مہینے میں اللہ تعالی کی رضا اور اس کا قربِ حاصل کرنے کے لئے نفلی عبادت بھی کریگا تو اسے دوسرے مہینوں کے فرائض کے برابر ثواب ملے گا اور اس مہینے میں فرض ادا کرنے کا ثواب دوسرے زمانے کے ستر فرضوں کے برابر ہے رمضان صبر کا مہینہ ہے اور صبر کا بدلہ جنت ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو رمضان کے روزے نصیب فرمائے اور استقبال رمضان کی توفیق عطاٗ فرمائے۔