شیخوپورہ ،زمینداروں نے چھ بہنوں کے اکلوتے بھائی کو تشدد کرکے ہلاک کردیا

Sheikhupura

Sheikhupura

شیخوپورہ(جیوڈیسک) شیخوپورہ میں زمیندار اور اس کے ساتھیوں نے راستہ نہ دینے پر چھ بہنوں کے اکلوتے بھائی کو مبینہ تشدد کر کے قتل کر دیا۔صفدر آباد کے علاقہ باغانوالی کڑیال میں زمیندار بوٹا اور اس کے ساتھیوں نے راستہ نہ دینے کے تنازعہ پر 25سالہ نوجوان ظفر اقبال کو گھر سے زبردستی اغواکر کے سرعام بازار کے چوراہے پر لا کر ڈنڈوں کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔

ظفر کو زخمی حالت میں مقامی ہسپتال اور بعدازاں لاہور لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا،ورثانے میڈیا کو بتایا کہ زمیندار بوٹا،مقتول ظفر اقبال کے ملکیتی پلاٹ سے زبردستی راستہ مانگتا تھا اور عرصہ دراز سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا تھا۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم ابھی تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔