شیخوپورہ میں پولیس کا نجی ٹارچر سیل، دو افراد ہلاک

Sheikhupura

Sheikhupura

شیخوپورہ (جیوڈیسک) شیخوپورہ میں تھانہ بھکھی پولیس کے اے ایس آئی سیف اکبر نے گھنگ روڈ پر ایک نجی ٹارچر سیل بنا رکھا ہے جہاں مختلف تھانوں کے ملزموں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ تھانہ بھکھی کے ایک موٹر سائیکل چوری کے مقدمہ میں گرفتار ملزم عباس کو تھانہ کی حوالات سے نکال کر نجی ٹارچر سیل میں لایا گیا تھا۔

آج صبح اے ایس آئی سیف اکبر نے زیر حراست ملزم کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ واقعے کو مقابلے کا رنگ دینے کیلئے اے ایس آئی نے محافظ پولیس رضا کار محمد ریاض کو بھی فائرنگ کرکے زخمی کر دیا۔ اہلکار محمد ریاض ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

اطلاع ملنے پر ڈی پی او شیخوپورہ افضال کوثر، ایس ایس پی رینج کرائم محمد اسلم پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ تلاشی کے دوران نجی ٹارچر سیل سے تشدد کرنے والے آلات، شراب کی بوتلیں بھی برآمد ہوئیں۔

اے ایس آئی سیف اکبر واقعہ کے بعد فرار ہو گیا تاہم موقع پر موجود اُس کے ذاتی ملازم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او شیخوپورہ نے کہا ہے کہ اس واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔