سہراب گوٹھ آپریشن : خواتین سمیت 12 سو رینجرز اہلکار حصہ لے رہے ہیں

Karachi Ranger

Karachi Ranger

کراچی(جیوڈیسک)کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ الا آصف اسکوائر میں رینجرز کی جانب سے ٹارگیٹڈ سرچ آپریشن جاری ہے جس میں کمانڈوز، خواتین اہلکاروں سمیت 12 سو اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔رینجرز ذرائع کے مطابق سپرہائی وے ،سہراب گوٹھ اور الاصف اسکوائر میں رینجرز کی جانب صبح سویرے سے ہی ٹارگٹیڈ آپریشن جاری ہے۔ دوران آپریشن متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر ابتدائی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

رینجرز نے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی بر آمد کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پوچھ گچھ کے لئے حراست میں بھی لے جانے والے بعض افراد کا تعلق کالعدم تنظیموں سے بھی ہے۔ اس دوران متعدد فلیٹس پر بھی چھاپے مارے گئے اور زیر حراست ملزمان کے قبضے اور ان فلیٹس سے اسلحہ بھی ملا ہے۔

جبکہ رینجرز کی جانب سے مشتبہ افراد کے ٹھکانوں،مسافر خانوں،ہوٹلوں اور کئی مکانات کی تلاشی کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔ الآصف اسکوائر میں رینجرز کے آپریشن کے دوران عمارتوں کی چھتوں پر بھی رینجرز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔