اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، ڈالر بھی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

Stock Exchange

Stock Exchange

کراچی (جیوڈیسک) اوپن مارکیٹ میں ڈالر 160 روپے 50 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جب کہ اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے باعث 100 انڈیکس 33 ہزار کی حد سے بھی نیچے چلا گیا۔

ملک میں روپے کی بے قدری اور ڈالر کی اونچی اڑان تسلسل کے ساتھ جاری ہے، کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی ڈالر نے اوپن مارکیٹ میں نئی بلند ترین سطح پر جگہ بنالی، اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1 روپے اضافے کے ساتھ 159.50 سے بڑھ کر 160.50 روپے ہو گئی۔ انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے7 پیسے کا اضافہ ہوا اور ڈالر 158.79 سے بڑھ کر 159.86 روپے پر بند ہوا۔

دوسری جانب اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے آغاز پر ہی مندی کا رجحان رہا جو اختتام تک برقرار رہا، مندی کے باعث کے ایس سی 100 انڈیکس 33 ہزارکی حد سے بھی نیچےچلا گیا، اسٹاک ایکس چینج میں 714 پوائنٹس کی مندی کے ساتھ کاروبار کا اختتام ہوا اور 100 انڈیکس گھٹ کر 32958 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔