شاہراہوں کی تعمیر میں بلوچستان کے ساتھ زیادتی ہوئی، ڈاکٹر عبدالمالک

Dr Abdul Malik

Dr Abdul Malik

کوئٹہ (جیوڈیسک) وزیر اعلی بلوچستا ن ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ گذشتہ ادوار میں قومی شاہراہوں کی تعمیر کے سلسلے میں بلوچستان کے ساتھ زیادتی ہوئی، صوبے کے لئے مختص فنڈز دوسرے صوبوں کو منتقل کئے گئے۔ قومی شاہراہوں کی تعمیر پر وفاق کی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ یہ بات ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اسلام آباد میں چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی حامد علی خان سے ملاقات کے دروان کہی، وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ این ایچ اے اور دیگر شعبوں میں بلوچستان کے حصے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ این ایچ اے صوبے میں قومی شاہراہوں پر کام کی رفتار میں تیزی لائے قومی شاہراہوں کے منصوبوں کو دو سال کے اندر مکمل کیا جائے جن میں گوادر تربت ہوشاپ اور قلات کوئٹہ چمن قومی شاہرائیں شامل ہیں۔ اس سے قبل وزیراعلی کو بلوچستان میں قومی شاہراہوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، بریفننگ میں بتایا گیا کہ ملک کی کل 12 ہزار 131 کلو میٹر طویل شاہراہوں میں سے 4 ہزار 565 کلو میٹر شاہراہیں بلوچستان میں ہیں۔