سکھر اور کوٹری بیراجوں پر پانی کی سطح میں اضافہ، کچے کا وسیع علاقہ زیرآب

Sukkur

Sukkur

لاہور (جیوڈیسک) سیلاب نے پنجاب میں تباہی مچانے کے بعد اب سندھ کا رخ کر لیا ہے، سکھر اور کوٹری بیراج سے آئندہ چند گھنٹوں میں اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزرے گا، فلڈکنٹرول سینٹر نے محکمہ آب پاشی کے عملے کو تمام حساس بندوں اور حفاظتی پشتوں پر ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

سیلابی ریلوں نے پنجاب کے کئی شہروں، قصبوں، تحصیلوں اور دیہات میں تباہی مچائی، اب یہ ریلے تیزی سے سندھ میں داخل ہورہے ہیں۔ سکھر بیراج پر مسلسل پانی بڑھ رہاہے، اس وقت بیراج میں پانی کی آمد 4 لاکھ70 ہزار جبکہ اخراج 4 لاکھ 10 ہزار کیوسک رکارڈ کیا جا رہا ہے۔

کوٹری بیراج پر بھی پانی کا دباو بڑھ رہا ہے، جہاں 2 لاکھ 28 ہزارکیوسک سے زائد پانی موجود ہے۔ فلڈکنٹرول سینٹر کے مطابق سکھر اور کوٹری بیراج پر اگلے چند گھنٹوں میں اونچے درجے کا سیلاب ہو گا،حساس بندوں اور حفاظتی پشتوں پر محکمہ آب پاشی کے عملے کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ گڈواورسکھر بیراج کے درمیان کچے کے ساڑھے تین سو سے زائد دیہات پانی میں ڈوب چکے ہیں۔

متاثرہ دیہات سے ہزاروں لوگ نقل مکانی بھی کرگئے ہیں، خیرپور میں کچے کے علاقے، لاڑکانہ میں نصرت لوپ بند اور دادو مورو پل پر بھی پانی کے دباو سے سیکڑوں دیہات اور زرعی زمین پانی میں ڈوب گئی ہے۔ادھر پنجاب میں چناب، ستلج اور دریائے راوی پنجاب سے متاثر ہونیوالے علاقوں میں بھی متاثرین کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔