فراہمی آب کی لائنوں سے پانی کی چوری اور فراہمی و نکاسی آب کے غیر قانونی کنکشن کے خلاف کاروائی کرکے عوام کو مسائل سے نجات دلایا جائے

کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی میں فراہمی ونکاسی آب کے حوالے سے عوامی شکایات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کوہدایت کی ہے کہ فوری طور پر نظام کی درستگی کو یقینی بنا کر عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کا مثالی نظام قائم کیا جائے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے پینے کے پانی کی عدم فراہم اور سیوریج سسٹم کے ابتر نظام کے حوالے سے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کھا اس موقع پر انہوں نے علاقہ مکینوں سے ملاقات کی اور اُن سے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اپنے حلقے کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے علاقائی مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے، فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے عوامی شکایات کے ازالے کے لئے فوری ہدایت جاری کرتے ہوئے انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مقامی ذمہ دران سے کہاکہ نظام کی درستگی کو یقینی بنا نے کے لئے پانی چوری اور غیر قانونی فراہمی و نکاسی آب کے کنکشن کے حصول کو روکا جائے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ غیر قانونی کنکشن کی روک تھام اور فراہمی ونکاسی آب کی تنصیبات پر تجاوزات و تعمیرات قائم کرنے سے اجتناب کریں تاکہ باہمی تعاون کے ذریعے مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا یا جاسکے۔