لواحقین نے دھرنا ختم کرنے کے اعلان پر اعتراض نہیں کیا: علامہ شہیدی

Allama Shaheedi

Allama Shaheedi

کوئٹہ(جیوڈیسک)مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ امین شہیدی نے کہا ہے کہ دھرنے ختم کرنے کے اعلان پر چند نوجوانوں نے اعتراض کیا یہ خبر غلط ہے کہ شہدا کے لواحقین نے اعتراض کیا ہے۔شہدا کے لواحقین کو ناراض کر کے کوئی کام نہیں کریں گے۔آج انشا اللہ صبح نو بجے تمام شہدا کی تدفین کی جائے گی۔

پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے کہا کہ ایسے افراد جو دھرنا ختم نہیں کر رہے ان سے شہدا کے لواحقین خود بات کریں گے۔انھوں نے کہا کہ تحریک کا رخ موڑنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ہر موقع پر شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں،شہدا کے لواحقین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے تو پورے ملک میں دھرنا ختم ہو گیا ہے۔

ہم موت سے نہیں ڈرتے میدان میں رہ کر مقابلہ کریں گے لیکن ریاست کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔فوج کوئٹہ شہر میں داخل ہونے کے لیے تیار نہیں ہے۔

ٹارگٹڈ آپریشن فوج کی نگرانی میں ایف سی اہلکار اور سیکیورٹی ادارے کریں گے۔کچھ شہروں میں دھرنے ختم کر دئیے گئے ہیں۔کراچی ،اسلام آباد اور لاہور کے افراد کو پریس کانفرنس کے انتظار کا کہا تھا اب پریس کانفرنس کے بعد وہاں بھی دھرنے ختم ہو جائیں گے۔