شام: حمص کے الشعیرات فوجی اڈے پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری

Bombing of Israeli Planes

Bombing of Israeli Planes

شام (اصل میڈیا ڈیسک) شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم سیرین آبزر ویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق کل منگل کو اسرائیل کے جنگی طیاروں نے حمص میں قائم شامی فوج کے الشعیرات فوجی اڈے پر 8میزائل گرائے۔ دوسری طرف شامی فوج نے جوابی کارروائی کے طورپر اسرائیلی طیاروں پر فائرنگ کی۔

سیرین آبزر ویٹری کے مطابق شام پر حملے کے لیے اسرائیلی طیاروں نے لبنان کی فضاء استعمال کی۔

قبل ازیں چھ فروری کو اسرائیل نے شام میں الکسوہ شہر میں قائم شامی فوج کے بریگیڈ 91 اور المزہ عسکری ہوائی اڈے پر بریگیڈ ہیڈ کواٹر 75 میں قائم ایک ریسرچ سیںٹر کو نشانہ بنایا تھا جس میں متعدد شامی فوجی اور ایرانی جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔

انسانی حقوق گروپ کے مطابق حمص میں قائم الشعیرات فوجی اڈے پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ فوجی اڈے پر قائم ملٹری تنصیبات سے آگ اور دھوئیں کے شعلے اٹھتے دیکھے گئے ہیں۔

سیرین آبزر ویٹری کا کہنا ہےکہ شامی ڈیفنس فورس نے متعدد میزائل فضاء ہی میں تباہ کیے مگر بعض اپنے ہدف تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔