تاجراورٹرانسپورٹرز شام 4 بجے کاروباری سرگرمیاں شروع کردیں، ایم کیو ایم

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) کراچی متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیو ایم کی اپیل پر یوم سوگ کے موقع پر بھرپور تعاون کرنے پر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تاجروں، دکانداروں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ شام 4 بجے اپنا کاروبار ، دکانیں اور ٹرانسپورٹ شروع کر دیں۔ ایم کیو ایم اعلامیہ کے مطابق رابطہ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک بھرکے عوام اور بالخصوص سندھ کے عوام نے یوم سوگ کو کامیاب بنایا جس پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی انکی شکر گزارہے۔

رابطہ کمیٹی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایم کیو ایم کے شہدا کے سفاک قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے انہیں عوام کے سامنے پیش کرے اور قانون کے مطابق ان سفاک دہشت گردوں اور قاتلوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔

رابطہ کمیٹی نے سندھ کے شہری اوردیہی علاقوں کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے کامیاب پرامن یوم سوگ مناکر قتل وغارتگری اور دہشت گردی کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرا دیا ہے لہذا رابطہ کمیٹی، عوام کے گو ناگوں مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے تاجروں ، دکانداروں اور ٹرانسپورٹ برادری سے اپیل کرتی ہے کہ وہ شام 4 بجے اپنا کاروبار، ٹرانسپورٹ اور دیگر سرگرمیاں معمول کے مطابق شروع کردیں۔