کوئٹہ(جیوڈیسک)کوئٹہ میں بلوچستان ہائی کورٹ نے نواب زادہ طلال اکبر بگٹی کی ڈیرہ بگٹی اور دیگر علاقوں میں انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست سماعت کے لئے منظورکر لی۔بلوچستان ہائی کورٹ میں نواب زادہ طلال اکبر بگٹی نے تین روز قبل درخواست دائر کرائی تھی کہ ڈیرہ بگٹی اور دیگر ملحقہ علاقوں سے آپریشن کے باعث ایک لاکھ 50 ہزار بگٹی مہاجر ہوئے ہیں وہ دوسرے صوبوں میں زندگی گزاررہے ہیں وہ اپنا ووٹ گیارہ مئی کے انتخابات میں نہیں دے سکیں گے۔
لہذا عدالت سے استدعاہے کہ وہ الیکشن اس وقت رکوائیں جب تک مہاجرین دوبارہ نہیں آجاتے،چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ آپ نے درخواست 3 روز قبل دی ہے اس لئے الیکشن کو ملتوی نہیں کرایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ بگٹی مہاجرین کو کسی طرح لاکر ان کا ووٹ کاسٹ کرائے کیونکہ یہ انکا بنیادی حق ہے ۔ عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں اگلی سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کی ہے ۔ درخواست کی گلی سماعت دو ہفتے بعد ہو گی۔