توقیر صادق کا جسمانی ریمانڈ مکمل، عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا

Tauqeer Sadiq

Tauqeer Sadiq

اسلام آباد (جیوڈیسک) اوگرا کرپشن کیس کے مرکزی ملزم توقیر صادق کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہو گیا،عدالت نے ملزم کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ اوگرا کرپشن کیس کے مرکزی ملزم توقیر صادق کو 67 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر آج اسلام آباد کی نیب عدالت میں پیش کیا گیا۔کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

نیب کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ملزم توقیر صادق کا جوڈیشل ریمانڈ دیا جائے جس پر عدالت نے توقیر صادق کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا۔ توقیر صادق کے وکیل نے درخواست کی کہ ملزم کو جیل میں اے کلاس فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت نے کہا کہ ملزم کو پہلے جیل پہنچنے دیں، کلاس کا معاملہ بعد میں دیکھیں گے۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب سعید الرحمن نے موقف اختیار کیا کہ جیل میں ملزمان کو اے ، بی یا سی کلاس دینے کا اختیار پنجاب حکومت کو ہے۔

عدالت نے ملزم کو جیل بھجوانے کیلیے پراسیکیوٹر نیب کو جیل وارنٹ تیار کرنے کا حکم دیا۔ نیب ذرائع کے مطابق ضرورت پڑنے پر توقیر صادق کو جیل سے طلب کیا جائے گا۔ نیب نے اب تک بالواسطہ اور بلاواسطہ 54 ارب 8 کروڑ روپے کی ریکوری کی ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق ملزم توقیر صادق کا نیب قانون کے مطابق نوے روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ توقیر صادق کا طبی معائنہ بھی کرا لیا گیا ہے، ملزم کو جیل بھجوانے کے بعد عدالت میں چالان پیش کیا جائے گا۔