یہ خام خیالی نہ ہوکہ دہشت گردوں کی شرائط مانیں گے، جنرل اشفاق پرویز کیانی

Ashfaq Parvez Kayani

Ashfaq Parvez Kayani

راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ یہ خام خیالی نہ ہوکہ دہشت گردوں کی شرائط مانیں گے،پاک فوج کے پاس دہشت گردوں سے لڑنے کی قابلیت بھی ہے اور اہلیت بھی، پاک فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج عوام کی امنگوں کے مطابق ہر قیمت پر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑے گی۔

آرمی چیف نے کہا کہ امن کے عمل کو موقع ضرور دینا چاہیے، دہشت گردوں کو موقع سے ناجائز فائدہ اٹھانے نہیں دیں گے، نہ ہی انہیں اپنا ایجنڈا تھوپنے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو یہ گمان نہیں ہونا چاہیے کہ ہم دہشت گردوں کی شرائط مانیں گے، دہشت گردی واقعات کے ذمے داروں کو ہر قیمت پر کٹہرے میں لایا جائے گا، پاک فوج سیاسی عمل کی حمایت کرتی ہے۔