قومی اسمبلی کے2اور صوبائی اسمبلی کے3حلقوں میں انتخابات ملتوی

Elections

(جیو ڈیسک)قومی اسمبلی کے دو حلقوں اور صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں میں انتخابات ملتوی کر دیے گئے۔ پانچ میں سے دو حلقوں میں انتخابی امیدواروں کے قتل پر الیکشن ملتوی کیے گئے۔ تین حلقوں میں التوا کی وجہ امیدوار کی وفات ہے۔

این اے دو سو چون کراچی میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار صادق زمان خٹک اور ان کے چار سالہ بیٹے کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ این اے تیراسی فیصل آباد میں محب وطن نوجوان انقلابیوں کی انجمن کے امیدوار امجد ربانی دماغ کی شریان پھٹنے سے چل بسے۔ پی بی بتیس جھل مگسی بلوچستان میں صوبائی اسمبلی کے آزاد امیدوار عبدالفتاح مگسی کو اغوا کے بعد قتل کردیا گیا ۔

پی پی دو سو ستر خانیوال پنجاب سے امیدوار عبدالستار حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔ پی ایس چونسٹھ میرپورخاص سے انتخابی امیدوار وقار خان بلند حرکت قلب بند ہو جانے سے چل بسے۔ الیکشن کمیشن پانچوں حلقوں کیلئے الیکشن کی تاریخ کا اعلان عام انتخابات کے بعد کرے گا۔