طوفانی بارشیں: بھارت سے چھوڑا گیا پانی تباہی مچاتا جارہا ہے

Flood

Flood

سیالکوٹ (جیوڈیسک) طوفانی بارشوں اور بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا پانی سیلاب کی شکل میں تباہی مچاتے ہوئے آگے بڑھتا جارہا ہے، سیلاب جہاں جہاں سے گزررہا ہے تباہی کی داستان چھوڑتا جارہا ہے۔

سیالکوٹ کے برساتی نالے شہر اور مضافات کے تین سو دیہات ڈبو کر آگے بڑھ گئے، اکثر دیہاتوں میں اب بھی کئی کئی فٹ پانی جمع ہے۔ گوجرانوالا میں ہیڈ مرالہ سے ساڑھے نو لاکھ کیوسک سےزائد کا ریلا گزرا تو ہرطرف تباہی مچا گیا۔

گجرات ، منڈی بہائوالدین ، اور حافظ آباد بھی اس کی لپیٹ میں آگئے،،ڈویژن بھر میں 11 سو دیہات ڈوب گئے اور 91 افراد جاں سے گئے۔ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ حافظ آباد کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا۔ بہت سے لوگ اب بھی پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ضلع چنیوٹ میں بھی کئی بستیاں زیر آب آگئیں۔

یہاں بھی تباہی کے مناظر جابجا دکھائی دیتے ہیں۔ سرگودھا میں دریائے چناب اور جہلم کا سیلابی پانی تباہی کی بے شمار داستانیں چھوڑ کر آہستہ آہستہ اتر رہا ہے۔ تین سو دیہات اور تین لاکھ افراد متاثر ہوئے۔ آزاد کشمیر میں سیلابی ریلے نے 64 افراد کی جان لی،2 ہزار مکانات مکمل تباہ اور 4 ہزار کو نقصان پہنچا۔

29 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہو گئے۔ مشکل گھڑی میں پاک فوج عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔آرمی کے جوان دن رات سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو ریسکیو کرنے میں مصروف ہیں۔ حکومت کی جانب سے متاثرین کی امداد کے لیے ریلیف کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔