ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ حکومت پر فرد جرم قرار، سینیٹ میں بحث کا مطالبہ

Shahid Khaqan Abbasi and Sherry Rehman

Shahid Khaqan Abbasi and Sherry Rehman

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) (ن) لیگ نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو حکومت پر فردجرم قرار دے دیا جب کہ پیپلز پارٹی نے رپورٹ پر سینیٹ میں بحث کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم اور وزرا ملک میں کرپشن بڑھنے کا جواب دیں، ہر محکمے میں کرپشن کی فہرست موجود ہے، افسران کی تبدیلی کی وجہ بھی کرپشن ہے۔

ترجمان (ن) لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آپ کی کرپشن کااعمال نامہ آنے کے بعدآپ سڑکوں پرنہیں نکلیں گے بلکہ جیل جائیں گے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر سینیٹ میں بحث کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

شیری رحمان کا کہنا تھاکہ یہ حکومت کارکردگی پرنہیں بلکہ چور ڈاکو کرپشن کے بیانیے پر چلی تھی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ہے، آپ نے کرپشن میں بھی سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، ماضی کی حکومتوں کو چھوڑیں، اپنا جواب دیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا عمران خان نےکہا تھا کہ وہ ملک سے کرپشن ختم کریں گے، عمران خان خود کہتےرہے کہ ملک میں مسائل کی جڑ کرپشن ہے۔