میرا مواخذہ ہوا تو امریکی مارکیٹ کریش کر جائے گی: ڈونلڈ ٹرمپ

Donald Trump

Donald Trump

واشنگٹن (جیوڈیسک) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ان کا مواخذہ کیا جاتا ہے تو امریکی معیشت کا دیوالہ نکل جائے گا اور مارکیٹ کریش کر جائے گی۔

انھوں نے جمعرات کو نشر ہونے والے پروگرام فاکس اور فرینڈز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا:’’ میں آپ کو بتاتا ہوں کہ اگر میرا مواخذہ کیا جاتا ہے تو کیا ہوگا۔میرے خیال میں مارکیٹ کریش کر جائے گی ۔میرے خیال میں ہر کوئی غریب ہوگا کیونکہ اس سوچ کے بغیر آپ ایسے اعداد دیکھیں گے جن کی واپسی کا آپ کو وہم وگماں بھی نہیں ہوگا‘‘۔

صدر ٹرمپ اپنےمواخذے سے متعلق ہونے والی باتوں کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ان کے ایک سابق وکیل مائیکل کوہن نے ایک حلفیہ بیان میں کہا ہے کہ انھیں ڈونلڈ ٹرمپ نے خود صدارتی انتخاب کے لیے مہم کے دوران میں مالیاتی قوانین کی خلاف ورزی کی ہدایت کی تھی۔ان کے اس انکشاف کے بعد صدر ٹرمپ کے مواخذے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

مگر انھوں نے اس کو مسترد کرتے ہوئے اس انٹرویو میں یہ بھی کہا ہے :’’ میں نہیں جانتا آپ ایک ایسے شخص کا مواخذہ کیسے کرسکتے ہیں جس نے بہت اچھا کام کیا ہے‘‘۔

انھوں نے صدر امریکا منتخب ہونے کے بعد اپنے دورِ صدارت میں ملازمتیں پیدا کرنے اور دوسری اقتصادی پیش رفت کے حوالے سے ایک مبہم سا بیان دیا تھا اور بالاصرار یہ بات کہی تھی کہ اگر ان کی حریف امیدوار ہلیری کلنٹن 2016ء میں منعقدہ صدارتی انتخابات میں جیت جاتیں تو امریکیوں کےلیے بہت ہی بُرا ہوتا۔