ترکی میں مظاہرے زور پکڑ گئے ،حکومت سے استعفی کا مطالبہ

Turkey

Turkey

ترکی (جیوڈیسک) انقرہ ترکی میں حکومت کیخلاف احتجاج کاسلسلہ استنبول سے انقرہ تک پھیل گیا ، استنبول کا تقسیم چوک مصر کے تحریر چوک میں بدلنے لگا ہے، اپوزیشن جماعتوں نے حکومت سے مستعفی ہونے کامطالبہ کیا ہے۔ترکی کے شہر استنبول کے تقسیم چوک میں غازی پارک کی از سرنو تعمیر، وہاں لگے درخت کاٹنے اور سلطنت عثمانیہ دور کے طرز تعمیر کے مکانات اور بازار بنانے کے منصوبے کے خلاف احتجاج پر تشدد مظاہروں میں بدل گیا۔

حزب اختلاف کی شہ پر مختلف شہروں میں ہونے والی جھڑپوں میں 26 پولیس اہلکار اور 53 شہری زخمی ہو چکے ہیں۔ تاہم اب حکومت نے مظاہروں کے مقام سے سیکیورٹی فورسز ہٹانے کے احکامات دے دیئے ہیں۔ترک حکام کے مطابق اب تک 939 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔

جن میں سے کئی کو رہا بھی کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ترک وزیر اعظم طیب اردگان نے عوام سے مظاہرے ختم کرنے کی اپیل کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ غازی پارک کو دوبارہ بنانے کا منصوبہ جاری رہے گا۔