ترک صدر کا وائٹ ہاؤس میں خیرمقدم، شام میں جنگ بندی جاری ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

Donald Trump

Donald Trump

واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شام میں جنگ بندی بڑے اچھے طریقے سے جاری ہے۔انھوں نے یہ بات ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے بدھ کو باضابطہ ملاقات سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔ اس سے پہلے انھوں نے صدر ایردوآن کا وائٹ ہاؤس پہنچنے پر پُرتپاک خیر مقدم کیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’’امریکا کے ترکی کے ساتھ اچھے تعلقات استوار ہیں۔ ان کی انتظامیہ نے کردوں سے بھی بات چیت کی ہے اور وہ بظاہر مطمئن لگ رہے ہیں۔‘‘

انھوں نے بتایا کہ وہ صدر ایردوآن سے ترکی کے روس سے میزائل دفاعی نظام کی خریداری کے معاملے اور دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

واضح رہے کہ ترک صدر نے امریکا کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل کہا تھا کہ وہ صدرٹرمپ سے ملاقات میں انھیں یہ باور کرائیں گے کہ امریکا شام میں گذشتہ ماہ طے شدہ جنگ بندی کے سمجھوتے کی پاسداری کرنے میں ناکام رہا ہے اور اس نے ترکی کی سرحد کے ساتھ واقع علاقے سے کرد ملیشیا کو پیچھے نہیں ہٹایا ہے۔ان کا کہنا تھا:’’ یہ کہنا ناممکن ہے کہ دہشت گردوں نے شام کے شمال مشرقی علاقے کی پٹی کو خالی کردیا ہے۔‘‘