امریکی سفیر کی چوہدری نثار سے ملاقات، اسٹریٹجک ڈائیلاگ پر تبادلہ خیال

U.S. Ambassador, Ch Nisar

U.S. Ambassador, Ch Nisar

امریکی سفیر رچرڈاولسن نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی اور پاک امریکہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ جلد شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹریٹجک ڈائیلاگ جلد شروع کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ اسلام آباد میں ہونیوالی ملاقات میں باہمی تعلقات اورجان کیری کے حالیہ دورے کے حوالے سے باہمی دلچسپی کی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی احترام اور مفاہمت پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے امید ظاہر کی کہ جان کیری کا حالیہ دورہ معاشی سیاسی اور اسٹریٹجک تعلقات کیلئے بارآور ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جان کیری اپنی بہتر خدمات کے باعث پاکستان میں زیادہ سراہے جاتے ہیں۔

چوہدری نثارنے کہا کہ ن لیگ کے اپوزیشن میں رہتے ہوئے جان کیری سے اچھے روابط استوار رہے، اس موقع پر امریکی سفیر رچرڈاولسن کا کہنا تھا کہ جان کیری کے حالیہ دورے کے تحت پاک امریکہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ جلد شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ دونوں ممالک کے حق میں ہے اور ڈائیلاگ جلد شروع کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

چوہدری نثار علی خان نے امریکی سفیر کو دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے آئندہ قومی سلامتی پالیسی اور انسدادد ہشتگردی کے حوالے سے اختیار کی جانیوالی حکمت عملی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کسی بھی قوم کیلئے قومی سلامتی کی پالیسی کے بغیر دہشتگردی سے نمٹنا ممکن نہیں، قومی سلامتی پالیسی کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں ہوگا۔